ایک ہفتے میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو و دیگر کی قدر میں تاریخی گراوٹ
کراچی: پچھلا ہفتہ پاکستانی روپیے کے لیے خاصا مثبت رہا جب کہ ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدر میں تاریخی کمی واقع ہوئی، دوست ممالک سے مالی تعاون کی ضمانت ملنے اور آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری یقینی ہونے سے روپیہ تگڑا ہوا۔
ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ گھٹ کر 225 روپے سے نیچے آگئے جب کہ اوپن ریٹ انٹربینک سے بھی گھٹ کر 222 روپے کی سطح پر آگئے۔
ہفتہ وار کاروبار میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر 15.34 روپے گھٹ کر 224.03 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 26 روپے گھٹ کر 222 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 19.85 روپے گھٹ کر 272.43 روپے ہوگئے جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 30 روپے گھٹ کر 270 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 15.60 روپے گھٹ کر 229.20 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 26.50روپے گھٹ کر 226 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں ریال کی قدر 4.11 روپے گھٹ کر 59.62 روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ریال کی قدر 6.70 روپے گھٹ کر 58.60 روپے ہوگئی۔
آئی ایم ایف سے رواں ماہ قسط کے ممکنہ اجرا کی اطلاعات پر روپیہ مضبوط ہوا۔ زرمبادلہ کے ذخائر مزید گھٹنے کے باوجود ڈالر تنزلی کا شکار رہا۔ درآمدات کی حوصلہ شکنی اور سخت مانیٹرنگ سے ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی تنزلی ہوئی۔ تجارتی خسارے میں کمی سے بھی روپیہ کو سہارا ملا۔