پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں تاریخی اضافہ

اسلام آباد: حکومتی معاشی پالیسیوں اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کی وجہ سے پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدات 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
پاکستان کے ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2024 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 1.64 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جب کہ اگست 2023 میں یہ 1.46 بلین ڈالر تھیں۔
بنگلادیش میں سیاسی عدم استحکام اور بین الاقوامی پابندیوں کے نتیجے میں چین کی مصنوعات کی طلب میں کمی پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ کا باعث بنی ہیں۔
جے ایس گلوبل ریسرچ کی تجزیہ کار شگفتہ ارشاد نے برآمدات میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش میں بڑھتی ہوئی لاگت اور سیاسی عدم استحکام کے ساتھ چین پر پابندیوں نے عالمی کپڑے کے درآمد کنندگان کو پاکستان، بھارت اور ویت نام جیسی متبادل مارکیٹوں کی جانب مائل کیا ہے۔
اس صورت حال کے باعث اگست 2024 میں نٹ ویئر اور بیڈ ویئر کی برآمدات میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں 28 فیصد سال بہ سال اضافہ دیکھا گیا ہے، پاکستان کی لسٹڈ ٹیکسٹائل کمپنی”انٹرلوپ لمیٹڈ” اس صورت حال سے خاص طور پر ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں مزید بہتری کی توقع کررہی ہے، جس سے کمپنی کے مارجن میں اضافے کے ساتھ ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
موجودہ عالمی صورت حال کے تناظر میں پاکستان کے پاس عالمی منڈی میں اپنے قدم جمانے اور اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بناکر برآمدات میں مزید اضافے کا یہ سنہری موقع ہے۔
بلاشبہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کی صنعتی ترقی میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی معاونت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔