حنا بیات کا عامر خان پر اپنے شو کا فارمیٹ کاپی کرنے کا دعویٰ
کراچی: مشہور اداکارہ اور میزبان حنا بیات اپنی خوبصورتی، ذہانت اور بہادری کے لیے جانی جاتی ہیں، جو حقائق پر کھل کر بات کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک میزبان کے طور پر کیا اور سماجی مسائل پر مبنی پہلا پروگرام پیش کیا، جس میں ممنوعہ موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ ان کے اس اقدام سے کئی لوگوں کو مسائل کے حل اور شعور حاصل کرنے میں مدد ملی۔
بعد میں حنا بیات نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور وہاں بھی کامیابی سمیٹی۔
حنا بیات نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ بھارتی اداکار عامر خان کا پروگرام ستیہ میں وجیتے جو بھارتی نجی ٹی وی چینل اسٹار پلس پر نشر ہوا کرتا تھا، ان کے پروگرام کے فارمیٹ کو چوری کرکے بنایا گیا تھا۔
حنا نے اُشنا شاہ کے شو میں گفتگو کے دوران کہا کہ عامر خان کے اس شو کا تصور (کانسیپٹ) اور سیٹ ڈیزائن تک ان کے پروگرام سے ملتا جلتا تھا، جس پر ان کی ٹیم کے کئی افراد حیران رہ گئے تھے۔
حنا نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہیں اس پروگرام کے ذریعے سماجی مسائل پر بات کرنے اور بہت سی کہانیاں لوگوں کو بیان کرنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔