بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت میں ریمارکس دیے کہ پہلے اور موجودہ قانون میں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔
عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار داؤد غزنوی کی جانب سے وکیل عارف چوہدری پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں سابق حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی، اب جو ترمیم ہوئی اس میں بیرون ملک پاکستانیوں کا ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا، دونوں ترامیم ان کے حقوق کو ختم نہیں کررہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے اور موجودہ قانون میں بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا، بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کا صرف طریقہ کار طے ہونا ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔