ہیلی کاپٹر حادثہ: ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت 8 افراد جاں بحق
تہران: ہیلی کاپٹر کے افسوس ناک حادثے میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ، صوبے مشرقی آذربائیجان کے گورنر، آیت اللہ خامنہ ای کے خصوصی نمائندہ برائے آذربائیجان اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے 4 ارکان جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی وزیر داخلہ نے گزشتہ شب لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تبریز سے 100 کلومیٹر دُور ایک گھننے جنگل میں ملنے کی تصدیق کردی جب کہ تمام لاشیں بری طرح جل گئی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کی شناخت پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور فلائٹ ٹیکنیشن میجر بہروزش کے نام سے ہوئی۔
علاوہ ازیں ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی کے محافظوں کی ٹیم کے سربراہ سردار سید مہدی یوسفی بھی موجود تھے۔
ہیلی کاپٹر میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ صوبے مشرقی آذر بائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان محمد علی آل ہاشم بھی سوار تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حادثے پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں 5 روزہ قومی یوم سوگ کا اعلان کیا اور نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کے لیے عبوری صدر مقرر کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب ایرانی صدر پڑوسی ملک آذر بائیجان میں ایک مشترکہ ڈیم کے افتتاح کے بعد ایران واپس آرہے تھے کہ موسم کی خرابی اور شدید فوگ کے باعث ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔
خراب موسم کے باعث ریسکیو کاموں میں مشکلات کا سامنا ہوا اور ہیلی کاپٹر کو تلاش کرنے میں گھنٹوں لگ گئے۔ لاشوں کو تبریز کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا جو بری طرح جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی ہلاکت پر امریکا، روس، چین، بھارت اور تمام ہی مسلم ممالک سمیت کئی سربراہان مملکت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے روحانی پیشوا اور عوام سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔