آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، کراچی ڈوب گیا!
کراچی: اتوار سے شروع ہونے والے مون سون کے تیسرے اسپیل نے کراچی بھر کو ڈبو ڈالا ہے۔ پیر کو بھی شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد، بلدیہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر و دیگر میں تیز و ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ کل سے اب تک بارش کے باعث حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
سب سے زیادہ بُری صورت حال اورنگی ٹاؤن کی نظر آتی ہے، اورنگی ندی اُبل پڑی ہے۔ بہت سی گلیوں میں تین تین فٹ پانی جمع ہیں۔ تیز بارش کا سلسلہ پیر کو بھی جاری ہے۔ اورنگی کے علاقے علی گڑھ پورا زیر آب ہے، جہاں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔ اورنگی ٹاؤن کی مارکیٹ اور کئی گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔
شہر کی بیشتر سڑکیں زیر آب ہیں۔ کئی گاڑیاں سڑکوں پر خراب ہوگئیں۔ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر شہری انتظامیہ یکسر ناکام ثابت ہوئی۔ بلدیاتی ادارے بھی اپنی ذمے داریاں نبھانے سے قاصر رہے۔ محکمہ بجلی نے تو حد ہی کردی۔ کئی علاقوں میں بجلی کل سے بند ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔