کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی
کراچی: محکمۂ موسمیات نے کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون ہوائیں کل سے شہر پر اثر انداز ہوسکتی ہیں، جس کے سبب ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں موسلادھار بارش متوقع ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے پنجاب میں ملتان، نارووال، شکر گڑھ اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ ملک میں مون سون کا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج سے سندھ میں داخل ہوگا، جس سے 19 اگست تک کراچی، گھوٹکی، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ این ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خیبر پختون خوا میں ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان اور دیامر میں سیلابی ریلے سے شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔
سندھ میں لاڑکانہ، دادو، نواب شاہ اور خیرپور میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مورو دادو پل کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورت حال برقرار ہے، 105 دیہات میں پانی داخل ہوگیا، 20 رابطہ سڑکیں زیرآب آنے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جب کہ تِل اور کپاس سمیت کئی ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں۔
بلوچستان کے ضلع کوہلو، ہرنائی، سبی، بولان، جھل مگسی اور نصیرآباد میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، کوہلو سبی شاہراہ مختلف مقامات پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی جب کہ متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے، کوہلو میں مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 بچے زخمی ہوگئے۔