کراچی میں آئندہ تین روز تک تیز بارش کی پیش گوئی

کراچی: مون سون سلسلے کے تحت بدھ کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، اولڈ سٹی ایریا سمیت کئی علاقوں میں تواتر سے بارش کئی گھنٹے جاری رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اگست سے 5 اگست کے درمیان شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کی توقع ہے۔
شہر میں حالیہ مون سون سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا، اس دوران کہیں ہلکی ودرمیانی جب کہ کچھ مقامات پر تیز بارش ہوئی۔
اولڈ سٹی ایریا کے کئی علاقوں میں نصف شب کے قریب شروع ہونے والی معتدل بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے دوران گرومندر(گل رعنا سینٹر کے بالمقابل) اور کشمیر روڈ سمیت کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش ڈی ایچ اے فیز 2 میں 13 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اولڈ ایئرپورٹ پر 11 اعشاریہ 1 ملی میٹر، قائدآباد میں 11 ملی میٹر، سرجانی میں 6.2 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس میں 6 ملی میٹر، کیماڑی میں 5.5 ملی میٹر، گڈاپ ٹاؤن میں 5.3 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 04 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح کورنگی 3.2 ملی میٹر، حسن اسکوائر 3 ملی میٹر، میٹ آفس (یونیورسٹی روڈ) 2.5 ملی میٹر، اورنگی ٹاؤن 02 ملی میٹر، گلشن معمار اور ناظم آباد میں 1.2 ملی میٹر جب کہ صدر میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
جمعرات کو شہر میں کئی روز کے بعد سمندر کی جنوب مغربی سمت کی معمول سے تیز ہوائیں چلیں، جن کی رفتار 31 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، دن بھر مطلع مکمل طور پر ابر آلود اور دھوپ غائب رہی، جس کی وجہ موسم مجموعی طور پر خوش گوار رہا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون کے نئے سسٹم کے حوالے سے جاری الرٹ کے مطابق طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ جمعہ سے راجستھان (بھارت) اور بحیرہ عرب سے سندھ پر اثرانداز ہوگا، جس کے تحت 3 اگست سے 5 اگست کے درمیان کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مذکورہ دورانیے میں تھرپارکر، بدین، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالٰہ یارمیں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ آج سے دیہی سندھ کے جیکب آباد، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد اور 3 اگست سے 6 اگست کے درمیان خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، گھوٹکی، سکھر سمیت دیگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کوشہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روز کے مقابلے میں کئی ڈگری کمی سے 31.6 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد رہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔