حریم شاہ شہزاد اکبر کی تلاش میں لندن پہنچ گئیں
لندن: معروف ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سابق دور حکومت میں مشیر احتساب کے عہدے پر کام کرنے والے شہزاد اکبر کی تلاش میں لندن پہنچ گئیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں حریم شاہ نے کہا کہ شہزاد اکبر بھگوڑا ہے، شہزاد اکبر نے میری زندگی تباہ کرنے کی کوشش کی اور اب خود لندن آکر چھپ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی آزاد شہری کے طور پر لندن میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے آئی ہوں اور پاکستان واپس جاؤں گی، میرے پاس مصدقہ اطلاع ہے کہ شہزاد اکبر کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا جس پروہ برطانیہ میں رہ رہا ہے۔
حریم شاہ نے شہزاد اکبر پر بے شمار دولت و جائیداد بناکر چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اس بات کے بھی شواہد موجود ہیں کہ شہزاد اکبر کی برطانیہ میں ظاہر نہ کی گئی پراپرٹیز ہے جن میں اب وہ رہ رہا ہے۔
حریم کا کہنا تھا کہ پہلے میں برطانیہ آئی تو وہ مجھے یہاں سے ڈی پورٹ کرانا چاہ رہا تھا، شہزاد اکبر ڈرپوک انسان ہے وہ کبھی میرا سامنا نہیں کرے گا، برطانوی حکومت نے میری گرفتاری کی شہزاد اکبر کی درخواست رد کردی، شہزاد اکبر اگر مجھے لندن میں مل گیا تو اس کے لیے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
حریم شاہ نے کہا کہ شہزاد اکبر نے اقتدار کے وقت مجھ سمیت کئی دیگر افراد کی زندگیوں سے کھیلا، اقتدار کے غرور میں اس نے لوگوں پر جھوٹے کیسز بنوائے، برطانوی حکومت نے شہزاد اکبر کے الزامات کا نوٹس لیے بغیر مجھے ویزا دے دیا ہے۔