بچپن سے ہی لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھی، حریم فاروق
کراچی: ملک کی معروف اداکارہ حریم فاروق کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھیں۔
حریم فاروق نے حال ہی میں اپنے نئے ڈرامہ سیریل بسمل کی تشہیر کے لیے ڈرامے کی کاسٹ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی۔
اس دوران، شو کی میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ نے نوعُمری میں اپنے پیشے سے متعلق کیا خواب دیکھا تھا؟
اس کے جواب میں حریم فاروق نے کہا کہ میں لیڈی ڈیانا بننا چاہتی تھی، میں اپنے گھر والوں سے کہتی تھی کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارا تعلق کسی شاہی خاندان سے ہے، مجھے شاہی خاندان جیسا محسوس ہوتا تھا۔
حریم فاروق نے کہا کہ میری باتیں سُن کر میرے والدین کہتے تھے کہ آرام سے بیٹھ جاؤ، یہ لیڈی ڈیانا کے خواب چھوڑ دو، والدین کی بات سُننے کے بعد میرے اندر مدر ٹریسا بننے کی خواہش پیدا ہوئی۔
حریم نے کہا کہ پھر میں نے سوچھا کہ مدر ٹریسا بننے کے لیے تو بہت محنت کرنی پڑے گی تو میں نے یہ خواب بھی دل سے نکال دیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں بڑی ہوکر اداکارہ بنوں گی، لیکن ہاں! مجھے اتنا ضرور معلوم تھا کہ میں نے اپنی زندگی انجوائے کرنی ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ میں بچپن میں ہر ایک سے یہی سُنتی تھی کہ بڑے ہوکر ذمے دار بننا چاہیے، لیکن میں یہ سوچتی تھی کہ مجھے بڑے ہوکر اپنی زندگی کو خوب انجوائے کرنا ہے، پیسے تو آنے جانے والی چیز ہے لیکن مجھے اپنی زندگی کُھل کر جینی ہے۔
حریم فاروق نے کہا کہ میرا ہر دن مُسکراہٹ اور مزاحیہ باتوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے گُزرتا ہے اور اگر میں کوئی دن انجوائے نہیں کرتی تو مجھے لگتا ہے کہ یہ دن بے کار تھا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جب ہم بڑے ہوجاتے ہیں تو ذمے داریوں کی فکر میں اپنی زندگی سے خوشیوں کو نکال دیتے ہیں، ہمیں ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔