مردان، دلہن نے حق مہر میں لاکھ روپے کی کتابیں مانگ لیں

مردان: دُلہنیں عام طور پر حق مہر میں زیورات یا دیگر قیمتی تحائف کا تقاضا کرتی ہیں لیکن ایک دُلہن نے حق مہر میں اپنے شوہر سے ایک لاکھ روپے کی کتابیں مانگ کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر خیبر پختونخوا کے شہر مردان کی نائلہ شمال نامی دُلہن کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ بتارہی ہیں کہ انہوں نے حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگی ہیں۔
سوشل میڈیا پر مونا فاروق احمد نامی صارف نے نائلہ نامی دُلہن کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے اپنے حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگی ہیں‘۔


ویڈیو میں نائلہ شمال نے کہا کہ’حق مہر میں ایک لاکھ کی کتابیں مانگنے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہم یہ چیزیں افورڈ نہیں کر سکتے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ ان غلط رسوم کا خاتمہ بھی ضروری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے معاشرے میں ان غلط رسوم کی وجہ سے ہماری زندگی روز بروز عذاب بنتی جارہی ہے، سونا اور پیسہ ہر عورت مانگتی ہے لیکن ایک مصنفہ ہونے کی حیثیت سے میں نے کتابیں اس لیے مانگیں کہ اگر ہم کتابوں کی قدر نہیں کرتے تو ہم عام لوگوں سے اس کی قدر کی توقع کیسے کرسکتے ہیں‘۔
نائلہ شمال کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرے اس حق مہر مانگنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہمیں خود کتابوں کی قدر کرنی چاہیے تاکہ ہم دوسروں کو بھی ہماری نصیحت پر عمل کرنے کا کہہ سکیں‘۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔