ہانیہ عامر کی نئی وائرل ویڈیو پر شدید تنقید!

کراچی: اداکارہ ہانیہ عامر کا نام فلم ساز و ڈائریکٹر وجاہت رؤف کے بیٹے عاشر وجاہت کے ساتھ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد پاکستان میں ٹویٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔
ہانیہ کو ویڈیو میں عاشر اور ان کے چھوٹے بھائی نائل کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے، حسن رحیم کے گانے ” آرزو” کو گاتے ہوئے ہانیہ کا انداز سوشل میڈیا صارفین کو انتہائی ناگوار گزرا اور انہوں نے اسے انتہائی نامناسب ٹھہراتے ہوئے فحاشی سے تشبیہہ دی۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل کیسے ہوئی، آیا ہانیہ نے اسے خود شیئر کیا یا کسی اور نے، کیونکہ اداکارہ کے سوشل میڈیا اکاونٹس پراب یہ دستیاب نہیں۔
صارفین نے اپنے تبصروں میں ہانیہ پر یہ ہتھکنڈا توجہ حاصل کرنے کے لیے اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عزت کھو بیٹھی ہیں۔
مخالفت کے علاوہ بیشتر صارفین نے اداکارہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ اکثروبیشتر اپنے دوستوں کے ساتھ تفریح پرمبنی ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں اور تنقید کرنے والے ہمیشہ انہیں نیچا دکھانے اور ان کی خوشی برباد کرنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔
ہانیہ عامر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جائے تو وجاہت رؤف، ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت اور بیٹوں عاشر، نائل کے ساتھ ان کی گہری وابستگی ہے۔ اداکارہ عاشراور نائل کو اپنا چھوٹا بھائی کہتی ہیں۔ رواں سال اپریل فول کے موقع پر گلوکار شمعون اسماعیل کے ساتھ منگنی کا مذاق بھی ہانیہ نے انہی کے گھر رہتے ہوئے پلان کیا تھا۔
ٹوئٹرپر ہانیہ کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں آنے کی دوسری وجہ انسٹاگرام کی ایک لائیو ویڈیو بھی ہے جس میں فالوورز کے تبصروں کو پڑھتے ہوئے ہانیہ کو اچانک شدید حیرت کا شکار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ہانیہ نے کسی فالوور کی نامناسب حرکت کے باعث لائیو سیشن ختم کردیا لیکن بہت سے فالوورزکا ماننا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی ہے، انہوں نے یہ ویڈیو شیئرنہ کرنے کی درخواست کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔