لڑکیوں کو محبت میں بے عزتی برداشت نہیں کرنی چاہیے، ہاجرہ یامین
کراچی: پاکستان کے ٹی وی ڈراموں کی مقبول اداکارہ ہاجرہ یامین نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو محبت میں بے عزتی کسی صورت برداشت نہیں کرنی چاہیے۔
اداکارہ ہاجرہ یامین نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں نے بہت زیادہ دیکھا ہے کہ لڑکیاں محبت میں بے عزتی برداشت کرلیتی ہیں، اگر کوئی مرد آپ کو پہلی مرتبہ بے عزت کرے تو اسے اسی وقت چھوڑدیں، نہ کسی کو اپنی بے عزتی کرنے دیں نہ ہی خود کسی کو بے عزت کریں۔
ہاجرہ یامین نے کہا کہ لڑکیوں کو اپنی ذات کو ترجیح دینی چاہیے، شادی کے بعد ساری لڑکیاں ریلیکس ہوجاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ذمے داریوں کی وجہ سے اکثر لڑکیاں خود کو بھول جاتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، دن کا ایک گھنٹہ خود کو ضرور دیں جس دوران آپ خود کو ریلیکس کرسکیں۔
ہاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ لڑکیاں اونچے خواب نہ دیکھیں اور نہ ہی اپنے متعلق بہت زیادہ سوچیں۔
دوسری جانب اپنے پرس میں رکھنے والی 3 لازمی چیزوں کے سوال پر ہاجرہ یامین کا کہنا تھا میں ہمیشہ پرس میں کوئی بھی آلہ (حفاظت کیلئے) ضرور رکھتی ہوں، مثال کے طور پر ٹیزر گن جو ہر لڑکی کو رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی ہراسگی کے دوران وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں لیکن خوش قسمتی ہے کہ مجھے ابھی تک اس گن کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی، اس کے علاوہ میں پرس میں پرفیوم اور لپ بام رکھتی ہوں۔