ٹی ٹوئنٹی کرکٹ، حفیظ جلد دو اعزاز اپنے نام کرلیں گے

جوہانسبرگ: کل 10 اپریل کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔
چار میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس میں شائقین کرکٹ کی نظریں قومی کرکٹر محمد حفیظ پر مرکوز ہوں گی، جنہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 100 انٹرنیشنل میچز مکمل کرنے کے لیے صرف ایک میچ اور شعیب ملک سے زیادہ رنز بنانے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔
40 سالہ کرکٹر اگر 10 اپریل کو قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل الیون کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔
اس سے قبل صرف شعیب ملک ہی پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرپائے ہیں، وہ 116 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر ہیں۔
اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما 111 میچز کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ کے مورگن، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور روز ٹیلر 102 میچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
محمد حفیظ نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اگست 2006 میں انگلینڈ کے خلاف برسٹل کے مقام پر کھیلا تھا جس میں انہوں نے 46 رنز بناکر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دلچسپ امر کہ محمد حفیظ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا 50واں میچ بھی 2013 میں اسی وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا تھا جہاں ہفتے کو ممکنہ طور پر وہ اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔
محمد حفیظ اب تک 99 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 2323 رنز بناچکے، اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز شعیب ملک کے پاس ہے جو 116 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2335 رنز بناچکے ہیں، حفیظ کو یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے مزید 13 رنز درکار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے اب تک 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ہوچکا، ان 6 میں سے پانچ مواقع ایسے تھے کہ جہاں محمد حفیظ نے پاکستان کی نمائندگی کی وہ صرف 2009 ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔