حادثہ ڈرامے کا موٹروے زیادتی کیس سے کوئی تعلق نہیں، حدیقہ کیانی

کراچی: متنازع ڈرامے حادثہ میں دکھائے گئے مناظر سے متعلق اس میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ و گلوکارہ حدیقہ کیانی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر نجی ٹی وی کے ڈرامے حادثہ کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے اور پیمرا سے اس ڈرامے کے میکرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی اپیل کی جارہی ہے۔
تاہم ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی حدیقہ کیانی نے اِن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے اور اس کی کہانی کا موٹروے زیادتی واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ کئی ممالک اور سوسائٹیز میں اس طرح کے دررناک واقعات سامنے آتے ہیں، جس میں مردوں، خواتین یہاں تک کہ بچوں کو گھر والوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
حدیقہ کیانی نے کہا کہ انہوں نے ڈرامہ کرنے سے پہلے میکرز سے کئی مرتبہ سوال کیا تھا کہ یہ موٹروے حادثے کی کہانی تو نہیں، تاہم انہوں نے انکار کیا اور میں بھی یہی کہنا چاہتی ہوں کہ اس ڈرامے کا 2020 کے واقعے یا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ٹی وی اینکر فریحہ ادریس نے ڈرامے کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے اپنے طویل ٹوئٹ میں یہ بتایا تھا کہ موٹروے حادثے کی متاثرہ خاتون نے انہیں فون کرکے دردناک آواز میں کہا کہ وہ شدید تکلیف میں ہیں اور اس طرح ان کے گھر والے، سسرال والے بچے اور خاندان ٹی وی پر ان کے ریپ کی کہانی کو دیکھیں اس دن کو دیکھنے سے بہتر تھا کہ وہ مر جاتیں۔
فریحہ ادریس نے نجی ٹی وی اور ڈرامے کے میکرز پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس ڈرامے کو بند کیا جائے اور پیمرا اس معاملے پر سخت نوٹس لے۔
سوشل میڈیا پر بھی عوام کی جانب سے اس ڈرامے پر تنقید کی جارہی ہے جب کہ اس کی نشریات پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔