حبیب اورکزئی کی بطور چیئرمین ہلال احمر خیبرپختونخوا تقرری کی منظوری

پشاور: قائم مقام گورنر خیبر پختون خوا مشتاق احمد غنی کی زیر صدارت پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی غیر معمولی جنرل باڈی کا گورنر ہاؤس میں اجلاس ہوا، جس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) حامد خان کی جانب سے ذاتی مصروفیات کے باعث بطور چئیرمین ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا استعفے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملک حبیب اورکزئی کی بطور نئے چیئرمین پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی منظوری دی گئی۔
قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی نے ملک حبیب اورکزئی کی آئندہ 3 برس (2023-25) کے لیے بطور چیئرمین پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا منظوری دے دی۔
اجلاس میں پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا منیجنگ بورڈ کے 3 نئے ارکان کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔
نئے ارکان منیجنگ بورڈ میں اسٹیشن کمانڈر پشاور، سیکریٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا اور مینا خان آفریدی کے نام شامل ہیں۔
اجلاس میں پاکستان ہلال احمر کے 11 بورڈ ارکان کی مزید دو سال کے لیے توثیق کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں قائم مقام چئیرپرسن ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا عذرا جمشید نے قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا اور پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر کا مذکورہ ادارے کے ساتھ تعاون و معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر قائم مقام گورنر کے پی مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت میں انجمن ہلال احمر پاکستان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ قدرتی آفات اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان ہلال احمر نے بہترین کردار ادا کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔