گوادر: کوارٹر میں سوئے 7 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
گوادر: بلوچستان کے شہر گوادر کے علاقے سربندر میں کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر محسن علی کے مطابق نامعلوم افراد نے گوادر فش ہاربر کے قریب رہائشی کوارٹر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
محسن علی کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے، لاشوں اور زخمی شخص کو گوادر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گوادر میں مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے اور ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ مزدوروں کی فیملیز سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے گوادر میں افسوس ناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی گوادر ایئرپورٹ پر شرپسندوں نے حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنادیا تھا۔