نجم سیٹھی کے باعث بیٹے علی سیٹھی کا بڑا نقصان
لاہور: پسوڑی گانے سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کو اُن کے والد کے باعث بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پچھلے مہینے نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا، والد کے عہدہ سنبھالنے سے گلوکار علی سیٹھی کو نقصان ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی سابقہ مینجمنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اینتھم کے لیے علی سیٹھی سے رابطہ میں تھی، جس کے لیے نجم سیٹھی کے صاحبزادے علی سیٹھی امریکا سے لاہور بھی آگئے تھے۔
تاہم نجم سیٹھی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد علی سیٹھی سے معاملات معطل کرادیے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 8 کے پرانے شیڈول کو ہی برقرار رکھنے پر غور کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسر ادارہ پی ایس ایل کا آغاز ملتان کے بجائے کراچی میں کرانا چاہتا ہے جب کہ پی سی بی کے اعلیٰ افسران افتتاحی تقریب شفٹ کرنے کے حق میں نہیں۔
اس کے علاوہ اس سال کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز ہونے کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں۔