عظیم بلے باز محمد یوسف پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

لاہور: پی سی بی نے سابق کپتان اور عظیم بلے باز محمد یوسف کو پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق محمد یوسف کا پہلا اسائنمنٹ 8 سے 17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر 19 ایشیاکپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈکپ ہوگا۔
اس سے قبل سابق کرکٹر محمد یوسف پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمے داری نبھاچکے ہیں۔
سابق کرکٹر کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے، جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کیریئر میں 7 ہزار 530 ٹیسٹ رنز اور 9 ہزار 720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال (2006) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمے داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے شکر گزار ہیں۔ وہ انڈر 19 ایشیاکپ اور انڈر19 ورلڈکپ میں اپنی ذمے داری نبھانے کے منتظر ہیں، دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کے لیے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی سینئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں، لہٰذا وہ اپنا تجربہ انڈر19 سیٹ اپ میں بھی بروئے کار لائیں گے، تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے لیے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کے تقرر کا اعلان کیا تھا جب کہ اس سے قبل ٹیم ڈائریکٹر اور بیٹنگ کوچ کی ذمے داریاں محمد حفیظ کو سونپی گئی تھیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔