مہنگائی کم ہوگی، آئی ایم ایف اہداف حاصل کرلیے، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
بیرونی کھاتوں میں کافی بہتری آئی ہے اور زرمبادلہ کے بفرز بنائے جارہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مالی سال 22ء کے 4.7 فیصد سے کم ہوکر مالی سال 23ء میں جی ڈی پی کے0.7 فیصد پر آگیا ہے۔
ستمبر 2023 کے لیے آئی ایم ایف سے طے شدہ 4.2 ارب ڈالر کے فارورڈ بک اہداف کو بڑے مارجن سے حاصل کیا جاچکا ہے۔ مئی 2023 میں مہنگائی 38.0 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ستمبر 2023 میں گر کر 31.4 فیصد پر آچکی ہے، توقع ہے مالی سال کی اگلی ششماہی میں مزید کمی آئے گی۔
گزشتہ روز مراکش میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں کے موقع پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقات جس کا اہتمام عالمی سطح کے بینکوں بشمول بارکلیز، جے پی مورگن، اسٹینڈرڈ بینک اور جیفریز (Jefferies) نے کیا تھا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو حالیہ میکرو اکنامک پیش رفت، جاری چیلنجوں پر کیے گئے پالیسی اقدامات اور پاکستان کی معیشت کے منظرنامے پر بریف کیا اور ان کے سوالوں کے جواب دیے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جن انتظامی اقدامات سے گذشتہ برس جاری کھاتے کے خسارے کو کم کرنے میں مدد ملی تھی، اب انہیں واپس لے لیا گیا ہے۔ اس سے قطع نظر، استحکام کے جاری اقدامات اور لچک دار شرح مبادلہ کے سبب توقع ہے کہ مالی سال 24ء میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0.5 تا 1.5 فیصد کی حد میں رہے گا۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد ہونے کے ساتھ اسٹیٹ بینک حقیقی شرح سود کا جائزہ لیتا ہے جو مستقبل کی بنیاد پر کافی حد تک مثبت ہو رہی ہے کیونکہ رواں مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
گورنر بینک دولت پاکستان نے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ حکومت اور مرکزی بینک کے موجودہ پالیسی اقدامات میکرو اکنامک عدم توازن کو دور کرکے استحکام حاصل کرنے کی طرف رواں دواں ہیں۔ توقع ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدہ معیشت کو مستحکم کرنے کی جاری پالیسی کوششوں میں مزید مدد دے گا۔
انہوں نے کہا اسٹیٹ بینک ان اوّلین مرکزی بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر مانیٹری پالیسی کو سخت کرنا شروع کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔