ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے پر حکومت کا غور
اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار میں سیکریٹری صنعت و پیداوار نے ملک میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کے حوالے سے تصدیق کردی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت صنعت و پیداوار کے اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیدوار نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے تحت وفاقی حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کا سوچ رہی ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی کے فیصلے کابینہ کو بھجوائے جائیں گے۔
سیکریٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلق وزارت صنعت و پیداوار عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان دے گی، ملازمین کے لیے پیکیج پر کام کیا جارہا ہے، حکومت مالی مشکلات کے باعث نجکاری کررہی ہے۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی میں آٹو پالیسی پر حکام نے بریفنگ بھی دی۔
حکام وزارت صنعت و پیداوار نے بتایا کہ ملک میں ویئر ہاوسنگ کی ضروریات بڑھ رہی ہیں، ویئر ہاؤسنگ کو صنعت قرار دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے جب کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویئر ہاوسنگ کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی ویئر ہاؤسنگ پالیسی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 10 لاکھ سے کم کاریں بنتی ہیں، الیکٹرک وہیکلز میں موٹر سائیکل اور رکشا بنانے کے لیے 45 لائسنس جاری کیے گئے، اس وقت ملک میں گاڑیوں کے 13 برانڈ کام کررہے ہیں، ملک میں 50 لاکھ کاریں تیار کی جاسکتی ہیں، گزشتہ مالی سال کاروں کی فروخت سے 300 ارب روپے کا ٹیکس ملا۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سری لنکا میں ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد حکومت کے قرض کے باعث ہوئی، پاکستان میں بنی ہوئی گاڑیوں کا معیار بہتر نہیں اس لیے برآمد نہیں ہوسکتی۔ حکام نے بتایا کہ ٹریکٹرز اور رکشا کی برآمد ہورہی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر عون عباس بپی نے سوال کیا کہ کیا ایم جی گاڑیوں کی درآمد میں انڈر انوائسنگ ہوئی؟ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت نے حل کردیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس سال گاڑیوں کے 4 فیصد ایکسپورٹ ٹارگٹ حاصل نہیں ہوئے، کمپنیوں نے ایکسپورٹ آرڈر حاصل نہیں کیے اور عدالت سے اسٹے حاصل کرلیا، حکومت نے ایکسپورٹ کے لیے کوئی مراعات نہیں دی تھیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل منیجر یوٹیلٹی اسٹورز عنایت اللہ دولہ نے کہا کہ حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے سے متعلق غور کررہی ہے، حکومت رائٹ سائزنگ کے تحت یوٹیلٹی اسٹور بند کرے گی اور اس حوالے سے باقاعدہ پلان تیار کیا جائے گا۔
جنرل منیجر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین سے متعلق فیصلہ پلان کے تحت کیا جائے گا، رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے حکومت کو یوٹیلٹی اسٹورز کے معاملے پر تجویز دی جائے گی۔