بیشتر اہداف مکمل، حکومتی پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی: وزیر خزانہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی، بیشتر اہداف حاصل کرلیے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک بلین ڈالر سے زائد آچکے، گیس بجلی، تعمیراتی اور زرعی شعبے میں مراعات دیں، مہنگائی کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں، دنیا نے وزیراعظم کی کووڈ پالیسی کو سراہا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسلام آباد میں اقتصادی سروے جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 2 کروڑ افراد بے روزگار ہوگئے، بروقت اقدامات نہ کرتے تو وبا کی تیسری لہر خطرناک ہوسکتی تھی، حکومت نے تعمیراتی اور زرعی شعبے کو مراعات دیں، حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت مستحکم ہوئی، تعمیراتی شعبے کے لیے وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے مراعات لیں۔
انہوں نے کہا کہ ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ ہوا، امید ہے ترسیلات زر 29 بلین ڈالر ہوجائیں گی، ترسیلات زر بڑھنا اوورسیز پاکستانیوں کا وزیراعظم پر اعتماد ہے، ترسیلات زر کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس چل رہا ہے، زرمبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالر کے ساتھ 4 سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس کلیکشن بہتر جارہی ہے، زرعی شعبے میں 2.7 فیصد ترقی ہوئی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بھی ایک بلین ڈالر سے زائد آچکے، کروڈ آئل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام کو ریلیف دیا، قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئےانتظامی انفراسٹرکچر ٹھیک کرنا پڑے گا، گزشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی قرض 700 ارب روپے کم ہے، کامیاب جوان پروگرام سے 9 ہزار افراد مستفید ہوچکے، خسارے میں چلنے والے اداروں پر بڑے وسائل خرچ ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت نے 3 سال کے دوران گندم کی قیمت میں 500 روپے اضافہ کیا، ن لیگ کے دور میں گندم کی قیمت میں صرف 100 روپے اضافہ ہوا، پیداوار بڑھانے کے لیے چھوٹے کسانوں کو نئی ٹیکنالوجی دیں گے۔