گوگل کا پاکستان میں زلزلے سے باخبر رکھنے والا الرٹ سسٹم متعارف

کراچی: گوگل نے پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرادی۔ دُنیا کے سب سے مقبول سرچ انجن گوگل نے آج پاکستان میں زلزلے کی خبر دینے والا اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹ سسٹم متعارف کرادیا۔ یہ الرٹ سسٹم بلاقیمت ہے اوراینڈرائیڈ پلیٹ فارم کا ایک مددگار فیچر ہے جو دنیا بھر میں زلزلوں کا پتا لگاتا اور لوگوں کو آگاہ کرتا ہے۔ یہ سسٹم زلزلے کی سرگرمیوں کا پتا لگانے کے لیے فعال اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں موجود ایکسلرومیٹر (accelerometers) استعمال کرتا ہے اور دو طریقوں سے لوگوں کوزلزلے کے بارے آگاہ کرتا ہے، ایک سرچ کے ذریعے اوردوسرا ڈیوائس کے ذریعے براہ راست۔
یہ سسٹم گوگل سرچ کو قریباً فوری (near-instant)معلومات فراہم کرتا ہے۔ جب لوگ ’زلزلہ‘ یا ’میرے نزدیک زلزلہ‘ دیکھتے ہیں تو اُنہیں متعلقہ نتائج ملتے ہیں اور ساتھ ہی اس بارے میں مددگار وسائل کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہیں کہ زلزلے کے بعد کیا کرنا چاہیے۔
ایسے صارفین جو یہ الرٹس وصول نہیں کرنا چاہتے وہ ڈیوائس کی ترتیبات (Settings) میں جاکر اسے بند کرسکتے ہیں۔
ماضی میں پاکستان کے شمالی اور مغربی حصے میں متعدد زلزلوں کا سامنا کرچکے ہیں۔ زلزلے کے اس سسٹم میں توسیع سے، پاکستان میں اینڈرائیڈ صارفین کو خودکار طور پرابتدائی وارننگ الرٹس موصول ہوسکتے ہیں جو اُنہیں ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے میں مدد دیتے ہیں۔
موبائل آلات پر اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹس سسٹم دو اقسام کے الرٹس دکھاتا ہے جن کا انحصار زلزلے کی شدت پر ہوتا ہے۔
ہوشیار ہو جائیں (Be Aware) الرٹس4.5 شدت کا زلزلہ آنے پر لوگوں کو خبردار کرتا ہے یا پھر اس کی شدت موڈیفائیڈ مرکلی انٹین سٹی اسکیل (MMI) پر 3 یا 4 ہونے پر دکھاتا ہے۔ یہ اطلاع زلزلے کی مرکز سے فاصلے کی معلومات کے ہمراہ بھیجی جاتی ہے۔ الرٹ فون کے موجودہ والیوم، وائبریشن، اور ڈسٹرب نہ کریں کی ترتیبات استعمال کرتا ہے۔
عمل کیجیے(Take Action) الرٹ ہے جو 4.5 سے زیادہ شدت یا 5 اور اُس سے زیادہ وسعت والے زلزلے کی صورت میں پوری اسکرین پر نظر آتا ہے۔ لوگوں کو ممکنہ طور پر شدید ارتعاش کے لیے تیار رہنے میں مدد کی غرض سے ہدایات پوری اسکرین پر دکھائی جاتی ہیں اور اُسی کے ساتھ فون بھی تیز آواز میں بجنا شروع ہوجاتا ہے۔
اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک سسٹم پہلے نیوزی لینڈ اور یونان میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اب یہ قازقستان، کرغز جمہوریہ، فلپائن، تاجکستان، ترکیہ، ترکمانستان، امریکا اور اْزبکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔