چیئرمین سینیٹ کیلیے یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار
اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخار حسین، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے ورچوئل شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مشترکہ امیدواروں، لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورت حال اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لیے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لیے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔
کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کی خاطر لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چار روز بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ہونا ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کریں، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے روڈمیپ کے ساتھ کمیٹڈ ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس کے دوران سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، بلاول بھٹو زرداری نے ٹھیک کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا اثر ملکی سیاست پر ہوگا، ان کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔ پیپلزپارٹی سینیٹ چیئرمین کے لیے یوسف رضا گیلانی کا نام پیش کرے، مسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔