جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران پر فرد جرم عائد، عمر ایوب، راجا بشارت گرفتار

راولپنڈی: جی ایچ کیو پر 9 مئی کو حملہ کرنے کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عمرایوب، شیخ رشید، فواد چوہدری، زرتاج گل اور راجہ بشارت سمیت دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے۔
وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جج امجد علی شاہ نے فرد جرم کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی۔
بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔عمر ایوب کو بھی زیر حراست لے لیا گیا جب کہ پولیس نے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کو اڈیالا جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔ مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں۔
عدالت 23 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی۔ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان میں شہباز گل، زلفی بخاری اور مراد سعید بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کی قیادت کے 70 رہنماؤں پر الزام ہے کہ انہوں نے 9 مئی کی منصوبہ سازی کی۔ ان پر الزام ہے کہ کارکنان کو جلاؤ گھیراؤ اور عسکری و سرکاری تنصیبات پر حملوں کے لیے اکسایا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔