غزہ فلسطینیوں کی سرزمین اور ہمیشہ انہی کی رہے گی، امریکا

واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی، انہیں کوئی ان کی سرزمین سے نہیں نکال سکتا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکا کی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
صحافی نے پوچھا تھا کہ اسرائیلی وزرا تواتر سے فلسطینیوں کوغزہ سے نکل جانے کا کہہ رہے ہیں اور بصورت دیگر سنگین دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔
اس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی وزرا کے فلسطینیوں کو غزہ سے چلے جانے کے دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی۔
ترجمان میتھیوملر نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزرا کا فلسطینیوں کو غزہ سے نکل جانے کا بیان اشتعال انگیز اورغیر ذمے دارانہ ہے۔
حماس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اب حماس کا کوئی مستقبل نہیں اور نہ ہی کوئی عسکریت پسند گروپ اسرائیل کے لیے خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بم باری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 55 ہزار زخمی ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔