نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر شہید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا

نجف: ایران کے شہید سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہوئے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ عراق کے شہر نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر ادا کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو خصوصی طیارے کے ذریعے نجف پہنچایا گیا، جہاں ان کے آخری دیدار اور خراجِ عقیدت کے لیے عراقی شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
نجف میں تعزیتی جلوس میں سڑکوں پر عوام کا سمندر اُمڈ آیا، لاکھوں افراد شریک ہوئے اور مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے شہید ایرانی سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تعزیتی جلوس میں سرخ جھنڈے اٹھائے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل سے انتقام کے نعرے لگائے۔
جسد خاکی کو تعزیتی جلوس کی صورت میں عراق کے شہر نجف میں حضرت علیؓ کے روضے پر پہنچایا گیا، جہاں شہید رہبر اعلیٰ اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔
نماز جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو کربلا میں امام حسینؓ کے روضے پر لے جایا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قم میں جلوس جنازہ کے بعد شہید سید علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی میتیں رات کو عراق منتقل کی گئی تھیں، شہید رہبر اعلیٰ کو کل ان کے آبائی شہر مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپردخاک کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔