والدین سے ان بن، نوجوان نے گھر کے عقب میں غار بناڈالا
میڈرڈ: ماں باپ سے ان بن کے بعد اکثر نوجوان خفگی کا اظہار مختلف طریقوں سے کیا کرتے ہیں، لیکن آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ نوجوان نے مباحثے کے بعد گھر میں ہی غار بناڈالا، تاکہ وہ اس میں سکون سے رہ سکے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے 6 سال قبل والدین سے ناراضی اور ان بن کے بعد اپنے ہی گھر کے پچھلے حصے میں غار کی کھدائی شروع کی تھی جس کے بعد وہ اب غار بنانے میں کامیاب ہوگیا۔
20 سالہ اینڈریس نے 6 سال قبل گھر کے عقبی حصے میں غار کھودنے کا منصوبہ اس وقت بنایا جب والدین نے اسے ٹریک سوٹ کے ساتھ گاؤں جانے کی اجازت نہ دی، چنانچہ اینڈریس نے فیصلہ کیا کہ وہ گھر پر ہی رہے گا اور گھر کے عقبی حصے ایک سوراخ کی کھدائی کرے گا۔
بغیر سوچے سمجھے کھدائی کا عمل اینڈریس کو بھلا لگنے لگا اور اس نے ہر روز اسکول سے آنے کے بعد کھدائی کرنا شروع کردی، شوق بڑھتا گیا اور اینڈریس نے دوست کو بھی اس منصوبے میں شامل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کے دوران اینڈریس کا کہنا تھا کہ میرے والدین کی خواہش تھی کہ میں گاؤں کپڑے پہن کر جاؤں لیکن میں ٹریک سوٹ پہن کر گاؤں جانا چاہتا تھا، انہوں نے مجھے حکم دیا کہ میں اس طرح کے لباس میں گاؤں نہیں جاسکتا لہٰذا میں نے فیصلہ کیاکہ میں گھر پر رہ کر ہی انجوائے کروں گا۔
اینڈریس کے مطابق غار کی کھدائی کے لیے اس اور اس کے دوست نے روزانہ 14 گھنٹے کام کیااور اس کام پر 50 یورو (60 ڈالر) لاگت آئی۔ اینڈریس کے تیار کردہ غار میں موبائل فون کے لیے وائی فائی سسٹم، موبائل فون، بجلی اور یہاں تک کہ ہیٹنگ سسٹم بھی موجود ہے۔ اگرچہ اینڈریس غار کی تکمیل کے بعد اپنا سارا وقت غار میں نہیں گزارتے، لیکن وہ پھر بھی غار میں ایک معقول وقت گزارتے ہیں۔