سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہنری کسنجر 100 سال کی عمر میں چل بسے

واشنگٹن: نوبل انعام یافتہ سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر مختصر علالت کے بعد 100 کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں ان کے گھر میں ہوا اور 100 سال عمر ہونے کے باوجود وہ اپنی وفات تک متحرک زندگی گزارتے رہے۔
کوئی حکومتی عہدہ نہ ہونے کے باوجود وہ وائٹ ہاؤس کی میٹنگ میں شرکت کرتے رہے اور رواں برس ہی ہنری کسنجر نے چین کا دورہ کیا تھا اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔ چین میں انہیں سرکاری مہمان کی حیثیت دی گئی تھی۔
27 مئی 1923 میں پیدا ہونے والے ہنری کسنجر کا شمار امریکا کے لائق و فائق اور نہایت قابل احترام سفارت کاروں میں ہوتا ہے۔ کئی کتابیں لکھیں، امریکی خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کیا اور کئی بنیادی تبدیلیاں کیں۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ درس و تدریس میں مشغول ہوگئے اور بعدازاں جنوری 1969 میں صدر رچرڈ نکسن کے دور میں 6 سال تک مشیر قومی سلامتی کا اہم عہدہ سنبھالا۔
رچرڈ نکسن کے دور حکومت میں ہی 1973 میں انہیں قومی سلامتی کے مشیر سے ترقی دے کر وزیر خارجہ بنادیا گیا اور اگلے 4 برس تک یہ اہم ذمے داری احسن طریقے سے ادا کرتے رہے۔
اپنے دور میں ہنری کسنجر نے روس سے ہتھیاروں کا معاہدہ، چین سے تعلقات، اسرائیل عرب ممالک معاہدہ اور ویت نام جنگ سے شکست خوردہ امریکا کو نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہنری کسنجر متنازع بھی رہے تاہم مجموعی طور پر انہوں نے دنیا سے امریکا کے سفارتی تعلقات میں انمٹ نقوش چھوڑے، جس کے نقش قدم پر امریکی خارجہ پالیسی آج بھی کھڑی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔