جائیداد کے تنازع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس گرفتار
اسلام آباد: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تنویر الیاس کو مبینہ طور پر خاندانی جائیداد کے تنازع پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار الیاس تنویر کو گرفتاری کے بعد تھانہ مارگلہ منتقل کردیا گیا ہے اور وفاقی پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو خاندانی جائیداد پر مبینہ قبضہ اور فائرنگ کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سردار الیاس تنویر کی منتقلی کے بعد تھانہ مارگلہ کا دروازہ بند کردیا گیا اور کسی کو تھانے میں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی جب کہ ان کے وکلا اور کارکنان تھانے کے باہر موجود ہیں، دوسری جانب تنویر الیاس کے گھر کے باہر بھی پارٹی کے کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
دھیان رہے کہ یکم مئی کو سابق وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے خلاف سینٹورس مال کے مرکزی دفاتر اور اہم دستاویزات پر قبضہ کرنے کی کوشش پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر ڈپٹی سیکیورٹی انچارج دی سینٹورس مال کرنل (ر) ٹیپو سلطان کی جانب سے درج کروائی گئی تھی، جس میں سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ سردار تنویر الیاس 20 سے 25 افراد پر مشتمل مسلح جتھے کے ہمراہ سینٹورس مال کے دفتر 1708 میں تالا توڑ کر داخل ہوئے، دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی گارڈز نے ناکام بنادیا، سردار تنویر الیاس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سردار یاسر الیاس خان اور سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔