غیر ملکی خواتین کے اغوا اور زیادتی کا کیس: 3 ملزمان کا ڈی این اے میچ
لاہور: ڈیفنس میں غیر ملکی خواتین کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تین ملزمان کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کا ڈی این اے میچ کرگیا۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ جن ملزمان کے ڈی این اے میچ ہوئے ان میں ملزم نواز کا نام سرفہرست ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نواز نے سب سے پہلے غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر ملزم نواز کے اُکسانے پر دیگر ملزمان نے بھی زیادتی کی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے 8 ملزمان کے ڈی این اے سیمپل کراس میچ کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوائے تھے جب کہ باقی ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز کا مزید تجزیہ کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں غیر ملکی خواتین سے زیادتی اور اغوا کے کیس میں ایک اور موڑ آ گیا ہے اور اغوا کاروں کی گاڑی کی ٹکر سے متاثرہ گاڑی کے مالک نے بھی مقدمہ درج کرادیا ہے۔
گاڑی کے ڈرائیور عثمان کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق وہ نجی سوسائٹی سے بھٹہ چوک جارہا تھا کہ ایئرپورٹ روڈ پر ایک گاڑی نے ٹکر ماری، ٹکر سے گاڑی کو 3 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، گاڑی والا فرار ہوگیا۔
دھیان رہے کہ عثمان کی جانب سے ون فائیو پر اطلاع کے بعد ہی پولیس موقع پر پہنچی تھی، حادثے کے بعد خواتین نے کار سے اتر کر ایک دکان میں پناہ لے لی تھی۔
دو غیر ملکی خواتین کے ساتھ زیادتی اور اغوا کے کیس میں ایس ایچ او ڈیفنس سی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو دھمکانے کے مقدمے میں عبوری ضمانت کرالی۔
سیشن کورٹ لاہور نے ایس ایچ او فریاد علی کو 10 جولائی تک گرفتار کرنے سے روک دیا، عدالت نے پولیس کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور ایس ایچ او فریاد علی کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔
ایس ایچ او ڈیفنس سی فریاد پر جوڈیشل مجسٹریٹ کے گھر پر جاکر دھمکانے کی ایف آئی آر درج ہے، تھانہ مصطفیٰ آباد نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔