وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورۂ عراق!
بغداد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر عراق پہنچ گئے ہیں۔
بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عراق کے نائب وزیر خارجہ، ڈاکٹر صالح التمیمی پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا۔ اُنہیں اس دورے کی دعوت اُن کے عراقی ہم منصب نے دی تھی۔
شاہ محمود قریشی اپنے مختصر دورہ عراق کے دوران عراقی ہم منصب فواد حسین اور عراق کی دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیر خارجہ عراقی قیادت کو مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان اور عراق کے مابین، او آئی سی، اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں کی سطح پر دو طرفہ تعاون کا فروغ بھی زیر بحث آئے گا۔
شاہ محمود قریشی ہر سال عراق جانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کی سہولت اور بہتر سفری انتظامات کے لیے عراقی قیادت سے بات چیت کریں گے۔