براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 29 فیصد تک کمی

کراچی: مالی سال 2021 کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کو مالی سال 2021 میں ایک ارب 84 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی مجموعی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی جو مالی سال 2020 میں 2 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پر تھی، جس میں 28.9 فیصد کی کمی آئی ہے۔
گزشتہ کئی برس سے پاکستان مزید ایف ڈی آئی کو راغب کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے لیکن سرمایہ کاری 2 ارب 70 کروڑ ڈالر سے تجاوز نہیں کر سکی جو مالی سال 2018 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
جون کے دوران سرمایہ کاری 22.7 فیصد تنزلی کا شکار رہی جو مالی سال 2020 کے اسی عرصے میں 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی۔
علاوہ ازیں گزشتہ مالی سال کے مئی کے مقابلے میں رواں مالی سال کے مئی میں سرمایہ کاری میں 63 فیصد اضافہ ہوا لیکن جون میں کم آمدنی نے منظر کو تبدیل کردیا کیونکہ اس سال اپریل اور مئی میں ایف ڈی آئی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری مئی میں بڑھ کر 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ہوگئی تھی جو مالی سال 2020 میں اسی عرصے میں 12 کروڑ 14 لاکھ ڈالر تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔