کے پی حکومت کیلئے رمضان پیکیج سے زیادہ عمران کے دانت و آنکھ اہم ہیں، عظمٰی بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکیج کی تقسیم کا اعلان تک نہیں کرسکی، اس کے لیے بانی کی آنکھ، دانت اور جیل میں آسائشیں اہم ہیں۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، ہر مستحق کو میرٹ کی بنیاد پر اس کی دہلیز پر امداد پہنچائی جارہی ہے۔
انہوں نے کے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت ابھی تک رمضان پیکیج کی تقسیم کا اعلان تک نہ کرسکی، کے پی حکومت کے لیے بانی کی آنکھ، دانت اور جیل میں آسائشیں اہم ہیں، گزشتہ سال بھی کے پی حکومت کا رمضان پیکیج پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرستوں پر دیا گیا، لیکن پنجاب میں باقاعدہ سروے کے تحت 42 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مل رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اسی کے تحت مسیحی برادری کو بھی امدادی رقم الگ سے مل رہی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں 74 سہولت بازار فنکشنل ہوچکے ہیں، مریم کے دسترخوان سے روزانہ ہر تحصیل میں 2 ہزار روزہ داروں کو افطاری کروائی جارہی ہے۔