دُلہن کا بوسہ لینے پر دولہا اور اہل خانہ کی لاٹھیوں سے پٹائی
اترپردیش: شادی کی تقریب میں دُلہن کا بوسہ لینے پر دولہا اور اس کے اہل خانہ کی لاٹھیوں سے پٹائی کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ پیر کو اترپردیش میں شادی کی تقریب اس وقت میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی جب دولہا نے اپنی دلہن کا سب کے سامنے بوسہ لیا۔
دولہا کا یہ فعل لڑکی کے اہل خانہ کو شدید ناگوار گزرا اور انہوں نے دولہا اور اس کے رشتے داروں کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا۔
دلہن کے گھر والے مشتعل ہوکر لاٹھیاں اٹھائے اسٹیج پر چڑھ گئے اور دولہا و اس کے اہل خانہ کی پٹائی کی، تصادم میں دلہن کے والد سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
اس کشیدہ صورت حال کو سنبھالنے کے لیے پولیس کو بلانا پڑا، جس نے دونوں خاندانوں کے سات افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دلہن کے والد نے پیر کی رات اپنی دونوں بیٹیوں کی شادیاں رکھی تھیں، پہلی شادی خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جب کہ دوسری تقریب میں یہ ناخوش گوار واقعہ پیش آیا۔
دُلہن کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ دولہے نے اسٹیج پر زبردستی دُلہن کا بوسہ لیا جب کہ دولہے کا کہنا ہے کہ دلہن نے خود بوسہ لینے پر اصرار کیا تھا۔
بھارتی پولیس کے مطابق ابھی تک دونوں خاندانوں کی طرف سے کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم گرفتار باراتیوں پر عوامی امن کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔