بھارتی راج دھانی نئی دہلی میں سیلابی صورتحال، شہری بے حال

نئی دہلی: بھارتی راج دھانی نئی دہلی میں سیلابی صورت حال سے شہری بے حال، معمولات زندگی بری طرح متاثر۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دریائے جمنا میں پانی کی سطح میں کمی جاری ہے اور پانی کی سطح کم ہوکر 207.68 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کا سیلابی صورت حال سے متعلق کہنا ہے کہ جمنا بیراج کے پانچوں دروازے کھولنے کے لیے کام جاری ہے، اگر بارش نہ ہوئی تو چند دنوں میں صورت حال نارمل ہوجائے گی۔
وزیراعلیٰ نئی دہلی نے کہا کہ دارالحکومت کی سیلابی پانی سے گھری سڑکوں پر بحالی کا آپریشن جاری ہے جب کہ اسکول، کالج اور ضروری خدمات کے علاوہ تمام دفاتر آج بھی بند رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات نے نئی دہلی میں آج ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ریاست آسام کے 17 اضلاع میں سیلابی صورت حال کے باعث 67 ہزار لوگ متاثر ہوئے اور 7 لوگوں کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ آسام میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 78 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جن میں 4 ہزار 500 لوگوں نے پناہ اختیار کی ہوئی ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز سیلابی ریلا نئی دہلی میں قائم سپریم کورٹ میں بھی داخل ہوگیا تھا، اس کے علاوہ گاندھی کے نام سے منسوب راج گھاٹ بھی پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔
نئی دہلی میں 3 پانی کے پلانٹ بند ہونے سے شہر میں پینے کے صاف پانی کی قلت ہوگئی ہے جب کہ بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے کئی علاقے بھی تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔