دادو میں سیلاب کی تباہ کاریاں، وبائی امراض سے 5 بچے جاں بحق

دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل جوہی کی گاج ندی میں سیلابی پانی نے تباہی برپا کر رکھی ہے، وبائی امراض سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں، کوئی ان کو سہارا دینے والا نہیں۔
جوہی اور کاچھو میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی پانی سے سیکڑوں گاؤں متاثر اور مکانات منہدم ہونے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے جب کہ کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے سے صورت حال سنگین ہوگئی جب کہ خوراک کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے۔


ضلعی انتظامیہ اور دادو کے اسمبلی ارکان عوام کی مشکلات کے حل میں دلچسپی لیتے نظر نہیں آتے، جن کی نااہلی کے باعث امدادی راشن، صاف پانی، ٹینٹ اور طبی سہولتوں کی عدم فراہمی ہے۔ سیلاب متاثرین بھوک اور بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں اور مسلسل 26 روز سے کھلے آسمان تلے محصور ہیں۔
سیلابی پانی استعمال کرنے سے لوگوں میں ڈائریا اور دیگر وبائی امراض پھوٹ پڑے۔ کاچھو کے مرکزی شہر واہی پاندھی میں 5 بچے پیٹ کی بیماریوں سے دم توڑ چکے ہیں۔
سیلاب متاثرین نے ضلعی انتظامیہ اور پی پی کی مقامی قیادت پر امدادی سامان کی بندر بانٹ کا الزام لگاتے ہوئے راشن اور ٹینٹ کی جیالوں میں تقسیم کے خلاف احتجاج کیا۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پران ندی اور ایم ایم ڈی نالے کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں زیادہ بارشوں کے باعث نکاسی آب کے نالوں میں طغیانی اور علاقے میں سیلابی صورت حال پیدا ہوئی، صورت حال بہتر ہونے کے بعد محکمہ آب پاشی کے حکام کے ساتھ مل کر نکاسی آب کے نالوں کی توسیع ہوگی اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔