وزیراعظم شہباز کا گوادر کا پہلا دورہ، بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان
گوادر: نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں بارشوں کے دوران حادثات سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر شخصیات نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران انہیں انتظامیہ نے گوادر میں بارشوں سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے حکام و انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے، جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لیے نظام وضع کیا جائے، متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے آیا ہوں، بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، 26 فروری کو طوفانی بارش نے گوادر سمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ امداد متاثرین کے لیے احسان نہیں، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں تمام نقصانات کی ضابطے اور قانون کے تحت ادائیگی کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے انہیں 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، جن کے گھر کو جزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے، بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے جب کہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، 4 دنوں میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل بروز بدھ کراچی کا دورہ کریں گے، وہ مزارِ قائد پر حاضری دیں گے جب کہ جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔