کراچی میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 17 مزدور جاں بحق

کراچی: شہر قائد کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے کے نتیجے میں 17 مزدور جاں بحق ہوگئے جب کہ فائر بریگیڈ کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔بتایا جارہا ہے کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ کورنگی میں واقع کیمیکل فیکٹری میں پیش آیا ہے۔
کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں، جس کے باعث آگ پھیل گئی۔
فائر بریگیڈ کا عملہ فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے لیے موجود ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے جب کہ فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لیے ہیوی مشینری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ فیکٹری سے اب تک 17 مزدوروں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، 10 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ فیکٹری میں اب بھی لوگ موجود ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔