فردوس جمال نے شاہ رُخ خان سے متعلق بیان سے یوٹرن لے لیا
کراچی: سینئر اداکار فردوس جمال نے بولی وُڈ کنگ شاہ رخ خان سے متعلق اپنے بیان سے یوٹرن لے لیا۔
فردوس جمال نے ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ سپر اسٹار تو ہیں لیکن اچھے اداکار نہیں، جس کے بعد ان کا یہ بیان کافی وائرل ہوا تھا۔
تاہم اب حال ہی میں فردوس جمال نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شاہ رخ خان سے متعلق اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہ رخ کے بارے میں کبھی کوئی بات نہیں کی، میں اس کو اچھا اداکار سمجھتا ہوں اور شاہ رخ خان کو دلیپ کمار کا ہی ایک تسلسل سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہر اداکار کا ایک مخصوص طرزِ فکر ہوتا ہے، میرا تعلق دلیپ کمار کے طرزِ فکر سے ہے، شاہ رخ خان بھی ہیں، مختلف اداکار مختلف لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں جب کہ میں دلیپ کمار، محمد علی، آغا طالش جیسے اداکاروں سے متاثر ہوں اور میں ان کی نقل کرتا تھا۔
فردوس جمال کا کہنا تھا کہ آرٹسٹ کی شروعات نقل ہے، بنیادی طور پر انسان بھی نقال ہے، جب آدم کو پیدا کیا تو اس کو چیزیں کرکے دکھائی گئیں، آدم سے لے کر آج تک ہم نقال ہی کرتے آرہے ہیں اور یہ کوئی بری بات نہیں ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے فردوس جمال نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میرا مسئلہ ماہرہ خان نہیں ہے آپ کیوں اسے میرا مسئلہ بنا رہے ہیں؟ وہ میری فیملی ممبر نہیں ہے۔