غیر ذمے دارانہ بیانات نہ دیے جائیں، ملک کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں نہ کریں، پاکستان نے ادائیگیوں میں آج تک کبھی ڈیفالٹ کیا اور نہ آئندہ کرے گا۔
اسحاق ڈار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان وقت پر سکوک بانڈز کی ادائیگی کرے گا اور آنے والی ادائیگیوں کے لیے بھی انتظام ہورہا ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دسمبر کے پہلے ہفتے میں یوروبانڈ کی وقت پر ادائیگی کرے گا، پاکستان نے کبھی ادائیگی میں ڈیفالٹ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے رسک فیکٹر سے متعلق بے بنیاد باتیں نہ پھیلائی جائیں، ضرورت کے مطابق ایندھن کے ذخائر موجود ہیں، لہٰذا پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی باتوں سے اجتناب کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ادارے بھی پوچھتے ہیں، کیا یہ افواہیں درست ہیں کہ نہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو اچھے طریقے سے مینج کیا جارہا ہے اور اللہ کے فضل سے ہر چیز ٹھیک چل رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق غیر ذمے دارانہ بیانات نہ دیے جائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔