فیفا ورلڈکپ، خواتین کے چست اور مختصر لباس پہننے پر پابندی
دوحہ: کل سے قطر میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022 کے دوران جہاں اسٹیڈیم اور اردگرد میں الکوحل سے بنی اشیا پر پابندی ہوگی، وہیں غیر ملکی خواتین کے مختصر لباس پہننے کی بھی ممانعت ہے۔
قطر کے سخت قوانین کے باعث یورپی اور دیگر ٹھنڈے ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بہت احتیاط برتنی ہوگی، کیونکہ شائقین کو عوامی مقامات پر محبت کا اظہار یا جسم کی نمائش کرنا مہنگا پڑسکتا ہے اور انہیں گرفتاری کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈکپ کے دوران شائقین کو مرضی کے کپڑے پہننے کی اجازت ہے، لیکن میوزیم، اسٹیڈیم اور سرکاری عمارتوں میں جانے والی خواتین شائقین کو اپنے کندھوں اور گھٹنوں کو ڈھانپنا ہوگا۔
ایک اور غیر ملکی میڈیا ویب سائٹ کے مطابق قطر میں ورلڈکپ کے دوران خواتین پر چست ٹائٹس پہننے اور کھلے عام محبت کے اظہار پر پابندی ہوگی۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اگر شائقین زیادہ گرمی کی وجہ سے اپنی شرٹس اتارتے ہیں تو انہیں اسٹیڈیم میں نصب خصوصی کیمروں سے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ فیفا ورلڈکپ میں 32 ممالک حصہ لے رہے ہیں لہٰذا قوی امکان ہے ورلڈکپ میں شائقین کی تعداد بھی حیران کن حد تک زیادہ ہوگی۔
یہ پہلی بار ہے جب مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں فٹ بال ورلڈکپ کا انعقاد ہورہا ہے، فٹ بال ورلڈکپ کا آغاز 20 نومبر کو میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے ہوگا۔