فٹ بال کی عالمی رینکنگ، ارجنٹائن کی طویل عرصے بعد پہلی پوزیشن

بیونس آئرس: ارجنٹائن نے فیفا کی عالمی رینکنگ میں 6 سال کے طویل وقفے کے بعد پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔
گزشتہ برس فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے دلچسپ مقابلے کے بعد فرانس کو پینالٹیز پر شکست دے کر فٹ بال کا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
عالمی چیمپئن نے سال 2023 کے دوستانہ مقابلوں میں پاناما اور کرکاؤ کو شکست دیکر پہلی پوزیشن سمیٹی جب کہ فرانس نے ابتدائی کوالیفائر میں ہالینڈ اور جمہوریہ آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد برازیل کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔
برازیل کو رواں سال دوستانہ میچ میں مراکش کے ہاتھوں اَپ سیٹ شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا، جو مراکش کی برازیل کے خلاف پہلی فتح تھی۔
یورو کپ مقابلوں میں کامیابیاں سمیٹ کر سربیا 4 درجے چھلانگ لگاکر 25 ویں، اسکاٹ لینڈ 6 درجے ترقی پاکر 36ویں، رومانیہ 6 درجے بہتری کے ساتھ 46 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
افریقہ کپ کے نیشنز کوالیفائر میں الجزائر 6 درجے ترقی کے ساتھ 34 ویں، مصر 4 درجے ترقی پاکر 35 ویں جب کہ کینیڈا کانکاکاف نیشنز لیگ کی بیک ٹو بیک فتوحات کے بعد ٹاپ 6 درجے بہتری کے ساتھ 47 ویں نمبر پر آگیا ہے اور یوں ٹاپ 50 میں جگہ بنالی ہے۔
خیال رہے کہ فیفا کی جانب سے اگلی رینکنگ جولائی 2023 میں جاری کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔