سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان خدا کو ماننے والے نہیں، خلیل جارج
لاہور: نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا کہ 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارا اثاثہ ہے، جس کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں، جناح ہاؤس کو دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا، نفرت کے جذبات ابھارنا ملک کے لیے نیک شگون نہیں، ملک دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام ہوگی۔
سانحہ جڑانوالہ پر بات کرتے ہوئے خلیل جارج نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
خلیل جارج نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان خدا کو ماننے والے نہیں، 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کے ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے، ہم 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کی بھرپور مذمت کرتے رہیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ میں چرچ جلایا جائے یا لاہور میں جناح ہاؤس، یہ پاکستان پر حملہ ہے، کوئی مسلمان، مسیحی عبادت گاہ کو نہیں جلاسکتا۔
الیکشن سے متعلق خلیل جارج نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔