کالعدم ٹی ایل پی کے مظاہرین کو جہلم ہی میں روکنے کا حکومتی فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دے رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے دورۂ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا، سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کو وزیر داخلہ کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم تنظیم کے ساتھ موجودہ ڈیڈلاک سے آگاہ کیا، کابینہ کو معاملہ سے متعلق قانونی امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ جانی و ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے کسی صورت نہیں آنے دیا جائے گا، مظاہرین کوروکنے کے لیے رینجرز کو بھی استعمال کیاجائے گا، مظاہرین کو روکنے کے لیے پشاور جی ٹی روڈ بھی بند کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کو انتخابی اصلاحات الیکٹرونک ووٹنگ مشین، زرعی شعبہ میں اجارہ داری کے خاتمے اور تیکنیکی امور پر بریفنگ دی گئی، وفاقی کابینہ نے اپنے فیصلوں کے تحت ایوی ایشن پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لیا، کابینہ نے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹر کی تشکیل نو اور ریڈیو اور پی ٹی وی کی زمین پر ہاؤسنگ اسکیم کے اجرا کی منظوری دی۔
کابینہ نے انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دی، سینڈک میٹل لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایک ڈائریکٹر کی تقرری اور پی پی آئی بی اور نیکا کی چیئرمین شپ سے وزیر توانائی کے استعفے کی منظوری دی گئی، چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور ایم ڈیز کی خالی پوسٹوں پر بریفنگ دی گئی اور کابینہ نے پینل سرچارج کے خاتمے سے متعلق ریونیو ڈویژن کی تجویز اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی، وفاقی کابینہ نے ذیلی کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔