پاک فوج کے خلاف بکواس کرنے والوں کی سیاست نہیں چل سکتی، فیاض چوہان

لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملک میں کلبھوشن جیسے کردار سیاست سمیت ہر شعبے میں ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کوسب کچھ نظر آرہا ہے کہ پُرامن اور انتہاپسند ملک کون ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو عزت اور وقار دیا گیا ہے، ہم نے کرتارپور راہداری بنائی، مندروں کی آرائش و تزئین کررہے ہیں، نام نہاد بھارتی جمہوریت اور سیکولرازم دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا، بھارتی معاشرہ تقسیم کا شکار ہوچکا، مودی سرکار بھارت میں آر ایس ایس نظریے پر گامزن ہے، بھارت چین کے خلاف کچھ کر نہیں سکتا، بنگلا دیش اور دیگر ہمسایہ ممالک سے بھی بھارت کے تعلقات خراب ہوگئے ہیں، پاکستان کا سیاسی نقشہ قوم اور کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے، مقبوضہ کشمیر ہمارا ہے، مودی کا غروب آفتاب بہت جلد ہوگا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جن کو نیب بلاتا ہے تو واویلا شروع ہوجاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا مجھے کیوں بلایا، نیب میں پیشی کو جہموریت کے لیے خطرہ قرار دے دیا جاتا ہے، عثمان بزدار بھی پیش ہوئے لیکن انہوں نے خاموشی سے پیشی دی، اپوزیشن الائیز پارٹیز فار کرپشن مولانا فضل الرحمان کا یہ محبوب مشغلہ ہے، سب نے اپوزیشن کی گزشتہ اے پی سی کا حال دیکھ لیا، نہ 9 من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف حکومت کے کم اورعدالتوں کے مفرور اورملزم زیادہ ہیں، اس حوالے سے قانونی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بیگم صفدر اعوان کے استاد پرویز رشید اور محمود خان اچکزئی ہیں، ان کے اسکرپٹ اور ڈائریکٹر محمود اچکزئی ہیں، انہوں نے پرویز رشید کے کہنے پر اپنے والد اور چچا کی ہنستی بستی سیاست اور کاروبار بگاڑ دیا۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست سمیت ہر شعبے میں کلبھوشن جیسے کردار موجود ہیں، ملک میں اگر امن ہے تو اس کے پیچھے وردی ہے، کلبھوشن اگر جیل میں ہے تو اس کے بپیچھے وردی ہے، پاک فوج کے خلاف بکواس کرنے والوں کی سیاست نہیں چل سکتی، جو وردی کے خلاف سازش کرے گا اسے ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔