لیگی قیادت نے کارکنان کو اشتعال انگیزی کے لیے 10 لاکھ تقسیم کیے، چوہان

لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ رات لیگی قیادت نے کارکنان کو اشتعال انگیزی کے لیے 10 لاکھ روپے تقسیم کیے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اپنے والد کی اداروں پر حملے کی روایت برقرار رکھی، اپنے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ سجایا، انہوں نے شہباز شریف اور ن لیگ کی سیاست پر خودکُش حملہ کیا اور اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات جاتی عمرہ میں (ن) لیگی قیادت نے 10 لاکھ روپے تقسیم کیے، پتھر مارنے والے فی کارکن کو 25 ہزار روپے، جب کہ مریم نواز کی گاڑی پر پتھر مارنے والے کارکن کو ایک لاکھ روپے دیے گئے۔
فیاض الحسن نے کہا کہ نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف کے گرفتار نہ ہونے کا سب سے زیادہ افسوس مریم نواز کو ہوا تھا، یہ چاہتی ہیں جس طرح میری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اسی طرح شہباز اور حمزہ شریف کی سیاست بھی ختم ہوجائے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی گاڑی پر وہی پتھر لگے جو وہ ساتھ لائی تھیں، آج کے واقعے میں لیگی کارکنان نے سپریم کورٹ پر حملے کی یاد تازہ کردی، لیکن (ن) لیگ کی غلط فہمی ہے کہ وہ اداروں کو دباؤ میں لے آئیں گے، اور یہ خام خیالی ہے کہ وہ کرپشن پر پردہ ڈال لیں گی۔
وزیر قانون نے کہا کہ مریم نواز نے عدالتی رعایت کا غلط استعمال کیا، وہ اگر چند کارکنوں کو ساتھ لے جاتیں تو یہ صورت حال پیدا نہ ہوتی، مریم کی سیکیورٹی پر مامور گاڑیوں میں پتھروں کے تھیلے بھر کر رکھے گئے اور کارکنوں میں تقسیم کیے گئے، پھر نیب اور پولیس پر استعمال کیے گئے، کچھ گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹس والی تھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ قانون ضمانت پر رہا شخص کو اداروں پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیتا، آج کا واقعہ و رویہ شرم ناک ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔