معروف اداکار فواد خان اقوام متحدہ کے خیرسگالی سفیر مقرر

اسلام آباد: پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار فواد افضل خان کو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی (یو این ڈی پی) کے لیے خیرسگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔
یو این ڈی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فواد خان پاکستان میں اقوام متحدہ کے چارٹر اورپائیدار ترقی کے ترجمان کے طور پر کام کریں گے۔
اداکار فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقرر کرنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں یواین ڈی پی کے پاکستان میں ریذیڈنٹ نمائندے نٹ اوسٹبائی اور فواد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں یواین ڈی پی کی ڈپٹی ریذیڈنٹ ریپریزنٹیٹو مس الیونا نکولیٹا، ہیڈ آف کمیونیکیشن یونٹ عائشہ بابر اوریو این ڈی پی میں بطور گرین سوشل انٹرپرینیو کام کرنے والوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ماحولیاتی تبدیلی پریو این ڈی پی کی دستاویزی فلم ’ڈونٹ چوز ایکسٹینکشن‘ دکھائی گئی جس کی اردو زبان میں ڈبنگ فواد خان نے کی ہے۔ یواین ڈی پی کے نمائندے کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ فواد خان کو خیرسگالی سفیر مقرر کرنے پر فخر ہے۔
اداکار نے کہا کہ پاکستان میں یواین ڈی پی کا خیرسگالی سفیرمقررہونا اعزاز کی بات ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف عوام کی خوش حالی اور ترقی کا روڈمیپ ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔