نواز کی غلط رپورٹس جعلسازی، اب دیکھیں کون کون پکڑا جاتا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خاندان والے بھی جانتے ہیں وہ صحت مند ہیں، رپورٹس غلط دینے کا مطلب جعلسازی ہے، اب دیکھتے ہیں کون کون پکڑا جاتا ہے، پنجاب حکومت تحقیقات کرے گی۔
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کا کہا ہے، پنجاب حکومت میڈیکل رپورٹس کے معاملے کی تحقیقات کرے گی، نیب آزاد ادارہ ہے، فضل الرحمان اس وقت کرایے کے ہجوم کی پارٹی چلارہے ہیں، میں پہلے بھی کہہ رہا تھا، نواز شریف کوئی بیمار نہیں، ترس نہ کھاؤ، مریم نواز ہو یا نواز شریف ہو ان کا درد ایک ہی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا، مریم نواز اور شہباز شریف کی خواہش ہے کہ ان کے خلاف کیسز بند ہوں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا، آپا اور پاپا چاچا کی سیاست کا بیڑہ غرق کرنا چاہتے ہیں، جب کسی کیس میں تیزی آتی ہے تو وہ لوگ سیاسی دباؤ پیدا کرتے ہیں، شہباز شریف اور بلاول مل کر بھی جلسہ کریں تو ایک شادی ہال میں بندے اکٹھے نہیں کرسکتے۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تحریک انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی نے شدید دھچکہ دیا، جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہیے۔
خیال رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو واپس آکر قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔