چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، چھوٹی جماعتوں کے آلۂ کار نہ بنیں: فواد

اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بابر اعوان اور اعظم سواتی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عجیب منطق ہے کہ پارلیمنٹ ان کی رہنمائی نہیں کرسکتی کہ الیکشن کیسے کرانا ہے، درحقیقت سارا الیکشن کمیشن نہیں صرف چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، وہ نواز شریف سے قریبی رابطے میں رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تنازعات کی زد میں رہتا ہے، الیکشن کمیشن اس وقت اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹرز بن گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو استعفے دے کر الیکشن لڑلیں، ہمیں چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں، وہ اپنے رویے پر نظرثانی کریں، چھوٹی چھوٹی جماعتوں کے آلۂ کار نہ بنیں بلکہ ادارے کا سربراہ بنیں، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر سیاست کی اور احمقانہ اعتراضات لگائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے الیکشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے، انتخابی اصلاحات کا مسودہ پارلیمان میں لے کرگئے، اپوزیشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفاف الیکشن کرانے کا بہترین طریقہ ہے، اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے تو کہتی ہے دھاندلی ہوئی، ن لیگ کے رہنما الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
مشیرپارلیمانی امور بابراعوان نے کہا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ کا حق دینے کے بلز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کریں گے، 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن بلارہے ہیں، اگلے روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، جس میں الیکشن بل ریفر کردیں گے، پہلی بار ایسا ہوا کہ الیکشن کمیشن ارکان نے واک آؤٹ کیا، گزشتہ سال اکتوبر میں الیکشن بل پیش کیے تھے، الیکشن کمیشن ارکان کے سامنے سوال رکھنے تھے وہ اٹھ کر چلے گئے۔
اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے ذریعے صاف شفاف الیکشن نہیں چاہتا، کمیشن مکمل طور پر اپوزیشن کے ساتھ ملا ہوا ہے اور ایک فریق کے طور پر ہمارے سامنے آچکا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر شبلی فراز نے بھی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور الیکشن کمیشن چاہے جو کہیں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے، کمیٹی سے مسترد بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کرائیں گے، الیکشن کمیشن نے اپنے کردار کو مشکوک کیا ہے، ای وی ایم سے متعلق تکنیکی افراد کو چیلنج کرتے ہیں جو اسے ہیک کرسکے اسے دس لاکھ روپے دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔